سیرت کا عظیم انسائیکلوپیڈیا

*سیرت کا ایک عظیم انسائیکلوپیڈیا* 
( کتاب : رحمة للعالمين، مؤلف قاضی سلیمان منصور پوری) 

✍🏻افضال احمد ملّی، 
( پوار واڑی مالیگاؤں، ناسک) 

    مذکورہ کتاب پر تبصرہ سورج کو چراغ دکھانے کے مترادف ہے،
    یہ کتاب تین جلدوں پر مشتمل ہے. 
جلد اول میں نبی کریم ﷺکی سیرت مبارکہ کا مکمل احاطہ کرنے کے بعد باب ٥ میں نبی کریم ﷺ کے اخلاق عظیم کو انتہائی تفصیل اور جامعیت سے بیان کیا گیا ہے. 
جلد ثانی میں رسول اللہ ﷺ کے شجرہ نسب کو حضرت آدم علیہ السلام تک انتہائی محنت اور تحقیق سے بیان کیا ہے۔
جلد سوم خصائص النبی پر مشتمل ہے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے معجزات اور خصائص کو قرآن و حديث اور کتب سابقہ سے بیان کیا گیا ہے، 
یہ وہ کتاب ہے جس کی تعریف وقت کے بڑے بڑے علماء نے کی ہے، چنانچہ :
مولانا حسن مثنی ندوی نے دس اہم خصوصیات ” رحمتہ العالمین ” کی بیان کی ہیں اور انہوں نے یہ اعتراف بھی کیا ہے کہ”مصنف نے اس کے صفحات پر دماغ کے ساتھ دل کے ٹکڑے بھی رکھ دیے ہیں ۔ایک ایک لفظ سے عشق نبوی اور حب انسانیت نمایاں ہے.
نیز علامہ سید سلیمان ندوی لکھتے ہیں :
”مرحوم نے رحمتہ للعالمین لکھی، رب العالمین نے اس دنیا میں اس کو قبول کے شرف سے ممتاز کیا۔امید ہے کہ اس کی رب العالمینی اور اس کے رسول کی رحمتہ للعالمینی دوسری دنیا میں بھی اُس کی چارہ نوازی کریگی۔” (مقدمہ ”رحمتہ اللعالمین” جلد سوم)
نیز یہ بھی فرمایا کہ
    جب تک ہندوستان میں اسلام کا دریا لہریں لیتا رہے گا، رحمۃ للعالمین کے یہ کاغذی سفینے مسلمانوں کی سلامتی ایمان کے لئے اس میں چلتے پھرتے تیرتے ابھرتے رہیں گے -
     اس کتاب میں یورپ کے مستشرقین کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی ذات مقدس پر لگائے گئے الزامات اور غلط فہمیوں کا موثر انداز میں رد کیا ہے۔اور انجیل و تورات سے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو ”رحمتہ اللعالمین ”ثابت کیا ہے۔
بقول علامہ سید سلیمان ندوی رحمہ اللہ *پوری کتاب مناظرہ اور احقاق حق کی رودادوں سے لبریز ہے*
دو ہزار سال قبل مسیح کی تاریخ سے مؤلف نے اپنی کتاب کا آغاز کیا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اجداد ( حضرت ابراہیم علیہ السلام سے آپ کے والد عبداللہ تک) کا تذکرہ اور آپ کی اولاد و اقارب اور ازواج مطہرات سب کے حالات کو بڑے ہی مدلل انداز میں پیش کیا ہے، اور اس انداز سے لکھا کہ مستشرقین کے پھیلائے ہوئے افکار و نظریات کا بھر پور ردکیا،
گزشتہ ماہ اکتوبر 2025 میں یہ کتاب مطالعہ سے گزری، بطورِ تبصرہ کے اتنا ہی کہوں گا کہ سیرت کے موضوع پر لکھنے یا بولنے کیلئے یہ ایک بہترین ذخیرہ ہے اتنا ہی نہیں بلکہ عیسائی دنیا کی جانب سے اٹھنے والے اعتراضات کا مسکت جواب بھی اس کتاب میں موجود ہے ہر عالم دین کو اسے اپنے مطالعے میں رکھنا چاہیے

Popular posts from this blog

سفر اورنگ آباد کی روداد

آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اخلاق پوری انسانیت کے لئے نمونہ ہیں