سفر اورنگ آباد کی روداد

*ایک دن تاریخ کے سائے تلے*
( اورنگ آباد کا یادگار سفر)

قسط اول 

راقم : افضال احمد ملّی،
پوار واڑی مالیگاؤں ضلع ناسک،

     قرآن مجید میں تقریباً 16 یا 18 مقامات پر زمین میں چلنے پھرنے اور اللہ کی نشانیوں پر غور کرنے کی ترغیب دی گئی ہے. 
( مذکورہ بالا معلومات Ai سے ماخوذ ہے) 
ان آیات میں جہاں سیر و سیاحت کا تصور ملتا ہے، تو وہیں سیر فی الارض کی مقصدیت بھی واضح ہوتی ہے،کہ سیر محض وقت گزاری اور کھیل کود کیلئے نہ ہو بلکہ بامقصد ہو.
   چنانچہ آیاتِ *سیر فی الارض* کے مقاصد کے حصول کیلئے فضلاء معہد ملت 2011  27 جون 2026 بروز سنیچر کو ہندوستان کے تاریخی شہر اورنگ آباد کیلئے عازم سفر ہوئے،
یہاں ایک بات یہ بھی بتاتا چلوں کہ تفریح صرف برفیلی پہاڑیوں ، یا ہری بھری وادیوں، بل کھاتی ندیوں میں ہی نہیں ہوتی، بلکہ تاریخی مقامات بھی تفریح طبع کا سبب بن سکتے ہیں، 
اورنگ آباد ہمارے ملک کے ان مقامات میں سے ہے جو اپنے دامن میں صدیوں پرانی عمارتوں کو سنبھالے ہوئے ہے، اہل اللہ کے مزارات اس زمین پر نگینوں کی مانند جڑے ہوئے ہیں. 
برطانوی بجلی گرنے سے تخت مغل راکھ ہوجانے کے باوجود یہ بلند و بالا پرشکوہ عمارتیں اور بزرگانِ دین کے مزارات اپنے عہد کی یاد دلاتی ہیں ، 

الغرض 9 افراد پر مشتمل ہمارا یہ قافلہ رفیق درس حضرت مولانا مفتی ارشد جمال صاحب ملّی کی امارت میں صبح کی اولین ساعتوں میں سلیمانی مسجد ( مالیگاؤں) سے روانہ ہوا.
حدود شہر سے باہر نکلتے ہی چند ساتھیوں نے سورہ یاسین کی تلاوت کر کے سفر کو بابرکت بنا دیا،
مفتی ابوذر قاسمی صاحب نے چند جملوں میں مقصد سفر کو تحریر کیا جسے راقم من و عن نقل کر رہا ہے :
    "*ہمارے سفر کا مقصد صرف گھومنا پھرنا نہیں، بلکہ آپس کی محبت بڑھانا، ایک دوسرے کا تعاون کرنا، اچھی یادیں بنانا اور ہر حال میں اللہ کی اطاعت کو مقدم رکھنا ہے*۔"
  اس مقصد کو مستحضر رکھتے ہوئے ایک لمبی مدت کے بعد دوستوں کا یہ اجتماعی سفر ماضی کی یادوں اور آپس کی ہنسی مذاق کے ساتھ جاری رہا،
ہمارے سب ہی ساتھی مختلف صلاحیتوں کے حامل ہیں،
کسی میں اشارات کنایات کے ذریعے بات کرکے ہنسانے کا ملکہ ہے، تو کسی میں سنجیدگی بے مثال ہے ، 
کوئی فقہ و فتاویٰ میں عبور رکھتا ہے ، تو کوئی تفسیر قرآن میں کمال دسترس رکھتا ہے، کوئی محراب و منبر سے امت مسلمہ کو دین سے روشناس کرانے والا ہے ، تو کوئی تجارت و ملازمت میں اپنی عالمانہ شان کے ساتھ جڑا ہوا ہے، غرض گلہائے رنگارنگ کا ایک حسین گلدستہ ہے.

جاری.....

Popular posts from this blog

سیرت کا عظیم انسائیکلوپیڈیا

آپ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے اخلاق پوری انسانیت کے لئے نمونہ ہیں